چیف منسٹر کی ڈرامہ بازی ختم : تلنگانہ یقینی

حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا نے واضح طور پر کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا خواب پورا ہوگا کیونکہ صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے روانہ کردہ آندھراپردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013 پر مباحث کی تکمیل کے بعد مقررہ مدت میں بل دوبارہ مرکزی حکومت کو بھیجوانے کی ہماری کوشش کامیاب ہوئی۔ آج یہاں ریاستی قانون ساز اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل کو مسترد کرنے اور اس بل کے خلاف چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ تحریک کو ندائی ووٹ سے منظوری کرلیئے جانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر دامودر راج نرسمہا نے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی سے دریافت کیا کہ آیا تمہاری راجدھانی کونسی ہے؟ اور کہا کہ اب چیف منسٹر کی ڈرامہ بازی مکمل ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر کرن کمار ریڈی نے اپنے ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے بہت کچھ ڈرامہ بازی کئے ہیں۔ مسٹر ڈی راج نرسمہا نے انتہائی سخت لہجہ میں کہا کہ چیف منسٹر سے بال اور بیاٹ ہی نہیں چھوٹا بلکہ گراونڈ بھی خالی ہوچکی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ دستور ہند کے آرٹیکل 3 کے ذریعہ ہی آندھراپردیش کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی جبکہ چیف منسٹر کے ادعاجات معنی خیز ہی نہیں بلکہ بے معنی ہیں۔

انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ سیما آندھرا عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور کہا کہ اگر واقعی اور حقیقت میں ان میں (چیف منسٹر میں) کوئی اخلاقی اقدار ہوں تو بہت پہلے ہی چیف منسٹر کے عہدے سے استعفی پیش کئے ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل کے خلاف چیف منسٹر کی پیش کردہ تحریک کو ندائی ووٹ سے منظوری کرلئے جانے کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آنے کی بڑے پیمانے پر سیما آندھرا قائدین کی جانب سے تشہیر کی جارہی ہے۔ وہ صرف دن میں دکھا جانے والا خواب کے سواء اور کچھ نہیں ہوگا۔ مسٹر دامودر راج نرسمہا نے تلنگانہ عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ بہر صورت علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میںآئے گی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کیلئے مرکزی حکومت نے بہت ہی بہتر انداز میںفیصلہ کرنے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ 15 یوم میں بہتر صورت علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کئے ہوئے وعدے کو پورا کرنے کیلئے اپنے موقف پر اٹل رہنے والی صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی سے تمام تلنگانہ عوام کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔