چار مرحلوں کے بعد وزیر اعظم کا چہرہ اترچکا ہے: راہول گاندھی

جتارہ (ٹیکم گڑھ)۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر مسلسل حملے کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے چار مرحلوں کے بعد ان کا چہرہ اتر گیا ہے اور انٹرویوز میں بھی وہ ہچکچاہٹ کے ساتھ بول رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے آج مدھیہ پردیش کے ٹیکم گڑھ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کرن اہروار کے حق میں منعقد ہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر مودی سے نہیں ڈرتے ۔ انہوں نے ریلی میں موجود لوگوں سے کہا کہ وہ وزیر اعظم کا چہرہ دیکھیں۔ ان کا چہرہ سکڑگیا ہے اور وہ انٹرویو میں بھی ہچکچاہٹ کر بول رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی نے رافیل طیارہ سودے میں ایئر فورس سے چوری کی اور 30 ہزار کروڑ روپے امبانی کی جیب میں ڈال دیئے ۔ اس دوران گاندھی کے آج کے جلسے میں بھی کئی بار ‘چوکیدار چور ہے ‘ کے نعرے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’چوکیدار‘ لفظ بولتے ہیں اور عوام اپنے آپ آگے کی بات بول دیتے ہیں۔

Leave a Comment