اسلام آباد ۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شمالی خطہ کی دشوارگزار پہاڑ کی چوٹی پر پھنسے ہوئے ایک روسی کوہ پیما کو پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر پائلٹ نے بچالیا جو گزشتہ چھ دنوں سے چوٹی پر مشکلات میں گھرا ہوا تھا ۔ گلگت و بالتستان کے لاٹوک ۔ I چوٹی پر جو 6257 میٹر بلند ہے ، وہاں گزشتہ چھ دنوں سے الیکزنڈر گوکوف نامی کوہ پیما پھنسا ہوا تھا جبکہ اُس کاساتھی کوہ پیما سرگی لازنوف انتہائی خراب موسم کی تاب نہ لاکر فوت ہوگیا جبکہ الیگزنڈر نے کسی نہ کسی طرح چھ دن بڑی مشکل سے گزارے ۔ یاد رہے کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں پاکستانی فوج نے دو برطانوی کوہ پیماؤں کو 19000 فیٹ کی بلندی سے بچایا تھا۔