سونیا گاندھی سے ملاقات، چندر شیکھرراؤ پر تنقید
حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ مسز وجئے شانتی نے دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے وعدہ پر برقرار نہ رہنے کا سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا۔ ڈگ وجئے سنگھ نے وجئے شانتی کا کانگریس پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ حلقہ لوک سبھا میدک کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ مسز وجئے شانتی نے کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے ساتھ 10 جن پتھ پہنچ کر سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے وعدہ کو پورا کیا، اس لئے وہ کانگریس میں شامل ہورہی ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا نام لئے بغیر کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کرنے والے اپنے وعدے پر برقرار نہیں ہیں۔
انہوں نے دونوں علاقوں میں کانگریس پارٹی مستحکم ہونے اور علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کانگریس کرے گی اور کانگریس کا جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ اس کو قبول کریں گی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے وجئے شانتی کی کانگریس میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وجئے شانتی تلنگانہ تحریک کی سپاہی ہے۔ انہوں نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے کافی جدوجہد کی ہے۔ ان کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے تعلق سے ٹال مٹول کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ہمیں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر مکمل بھروسہ ہے۔