پیرس /21 مئی ( اے پی ) رافل نڈال اور سرینا ولیمس نے گذشتہ ہفتہ روم میں اٹالین ماسٹرس خطاب حاصل کرتے ہوئے سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے آغاز سے قبل اپنے حریف کھلاڑیوں کیلئے سخت انتباہ جاری کردیا ہے ۔ فرنچ اوپن 2013 کیلئے مرد زمرہ کے سنگلز خطاب کیلئے دفاعی چیمپین رافل نڈال اور خاتون زمرے کے سنگلز کیلئے امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولمیس کو پسندیدہ کھلاڑی کا موقوف حاصل ہوگیا ہے ۔ نڈال نے زخموں کی وجہ سے 7 مہینے تک ٹینس سے دور رہنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے روم میں 9 ویں برس میں ساتواں خطاب حاصل کیا ہے ۔ جیسا کہ انہوں نے خطابی مقابلہ میں کٹر حریف راجر فیڈرر کو شکست دی ہے ۔ نڈال کے خلاف شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے خود فیڈرر نے کہا ہے کہ نڈال نے جس طرح مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد 26 مئی کو شروع ہونے والے سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کیلئے نڈال پسندیدہ کھلاڑی ہیں ۔ دوسری جانب نڈال نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بہتر مظاہرہ پر مطمین ضرور ہے لیکن ہوسکتا ہے کہ وہ بہترین فام کے باوجود فرنچ اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں حیران کن طور پر شکست کھاجائیں ۔ نڈال نے کہا کہ وہ فی الحال اپنے مظاہروں سے مطمین ہیں لیکن فرنچ اوپن میں غیر متوقع اور حیران کن شکست سے محفوظ رہنے کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا ۔ ماہرین کے بموجب فرنچ اوپن 2013 کیلئے نڈال کے علاوہ راجر فیڈرر اور نواک جوکووچ کو بھی خطاب کیلئے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا جارہا ہے ۔ خاتون زمرے میں سرینا کے علاوہ عالمی نمبر 2 اور دفاعی چیمپین ماریا شاراپوا اور سابق عالمی نمبر ایک وکٹوریہ ایزرنکا کو بھی خطاب کی دعویدار کھلاڑیوں میں شامل کیا جارہا ہے ۔