چینائی۔/31اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈی ایم کے صدر ایم کروناندھی نے آج سری لنکا کی ایک عدالت کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث پانچ ہندوستانی مچھیروں کیلئے سزائے موت سنانے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الزام کو بے بنیاد قرار دیا اور مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں حکومت سری لنکا سے رجوع ہوتے ہوئے مچھیروں کی رہائی کیلئے راہ ہموار کرے۔ کروناندھی نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے ہی یہ اعلان کردیا ہے کہ وہ ہندوستانی مچھیروں کو قصور وار قرار نہیں دیتا لہذا ان کی رہائی کیلئے ہندوستان ہر قانونی اور سفارتی کارروائی کرنے تیار ہے۔ مچھیروں کو 14 نومبر تک سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست داخل کرنے کا وقت دیا گیا ہے لہذا مرکزی حکومت کو بغیر وقت ضائع کئے سری لنکاحکومت سے رابطہ قائم کرنا چاہیئے اور مچھیروں کی رہائی کی راہ ہموار کرنی چاہیئے۔
انڈین مجاہدین کا دہشت گرد گرفتار
مظفر نگر( یو پی ) ۔/31اکٹوبر، (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین مجاہدین (آئی ایم ) کا ایک دہشت گرد جو 1992ء میں میرٹھ کے ایک پی اے سی کیمپ پر حملہ کیلئے پولیس کو مطلوب تھا، کو مظفر نگر پولیس اور انسداد دہشت گرد اسکواڈ کی مشترکہ کارروائی میں سلیم عرف پاٹلا کو گذشتہ شب کھٹولی سے گرفتار کیا گیا۔ 1992 میں حملے کے بعد سلیم فرار تھا اور پولیس کو عرصہ دراز سے اس کی تلاش تھی۔