سری نگر، 28فروری (سیاست ڈاٹ کام) وادئ کشمیر کو زمینی راستے سے بیرون دنیا سے جوڑنے والی تین سو کلو میٹر طویل سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ کو مٹی کے تودے گرنے کے بعد ایک بار پھر گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیاہے ۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘آج ٹریفک کو جموں سے کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی، لیکن مٹی کے تودے گرآنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی’۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی کے تودے اور بڑے بڑے پتھر گذشتہ رات رام بن کے مہر نالہ کے نزدیک گرآئے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڑ آرگنائزیشن (بی آر او) نے مٹی کے تودوں کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے ، تاہم اس کام کو مکمل کرنے میں پورا دن لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر او اور شاہراہ کے مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے گرین سگنل نہ ملنے تک کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دریں اثنا کشمیر آنے والی سینکڑوں گاڑیاں بشمول مال بردار ٹرکیں جموں کے مختلف مقامات پر درماندہ ہوگئی ہیں۔ خیال رہے کہ وادی میں رواں برس کے 6 جنوری کو ہونے والی پہلی بھاری برف باری کے بعد اس شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متعدد مرتبہ بند رہی۔