محبوب نگر۔/29مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب دھوم دھام کے ساتھ منعقد کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی جائیں۔ یہ ہدایت انچارج جوائنٹ کلکٹر سورنا لتا نے متعلقہ عہدیداروں کو دی۔ وہ منگل کے دن کلکٹریٹ کے ریونیو میٹنگ ہال میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ 2 جون کو یوم تاسیس پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ضلع مستقر ڈیویژن اور منڈل ہیڈ کوارٹر کے تمام دفاتر پر روشنی اور پرچم نصب کرنے کا انتظام کریں ۔ دواخانوں اور اولڈ ایج ہوم، بیواؤں، یتیموں اور معذوروں کے مراکز پر پھل کی تقسیم عمل میں لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ جات کے 12 افراد کو ایوارڈز عطا کئے جائیں گے۔ انہوں نے انتظامات کو وقت پر مکمل کرلینے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں آر ڈی او جے سرینواس راؤ، کلکٹریٹ اے او پریم راج، ڈی ایف او گنگاریڈی، حیوانات کے عہدیدار ڈاکٹر درگیا، ضلع میناریٹی آفیسر سروجنی دیوی و دیگر موجود تھے۔