سیمی فائنلس میں فرانسیسی کھلاڑی کو جوکوئچ کا سامنا ۔ دیگر میچ میں نڈال اور مرے مدمقابل
لندن ۔ 30 جون ۔ ( رائٹرس) فرانسیسی جو۔ولفریڈ سونگا نے دھماکہ خیز فائٹ بیاک کے ذریعہ ومبلڈن میں شاندار جیت درج کراتے ہوئے 6 مرتبہ کے چمپین روجر فیڈرر کو ناک آؤٹ کردیا اور نواک جوکوچ کے ساتھ سیمی فائنل مقابلہ مقرر کیا۔ فیڈرر کی کل حیرت زدہ سنٹرل کورٹ پر 3-6، 6-7، 6-4، 6-4، 6-4 سے غیرمتوقع ناکامی ایسا پہلی مرتبہ ہے کہ وہ کوئی گرانڈ سلام میچ دو سٹ کی سبقت حاصل کرنے کے بعد ہار گئے اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ فرنچ اوپن کی اُس سیمی فائنل لائن اپ کا اعادہ نہیں ہوگا جس میں دنیا کے چار ٹاپ کھلاڑی ایک دوسرے کے مقابل صف آراء ہوئے تھے۔ البتہ دیگر ٹاپ اسٹارس موجود رہیں گے کیونکہ ڈیفینڈنگ چمپین رفائل نڈال نے درد کم کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہوئے امریکی مارڈی فش کو 6-3، 6-3، 5-7 ،6-4 سے ہراکر برطانوی اینڈی مرے کے خلاف گزشتہ سال کے سیمی فائنل کے اعادہ کی تیاری کرلی ۔ چوتھے سیڈ مرے جو اس ماہ فرنچ اوپن سیمی فائنل میں نڈال کے مقابل ہی ہار گئے تھے ، انھوں نے ان سیڈیڈ اسپینی فلیشیانو لوپیس کو 6-3، 6-4، 6-4سے واضح شکست دی جس پر سنٹرل کورٹ کا کراؤڈ کافی خوش ہوا کیونکہ انھیں 75 سال میں پہلا برطانوی مینس سنگلز ونر حاصل ہونے کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ جوکوئچ نے جو گراس کورٹ سلام میں اپنے پہلے ٹائٹل اور عالمی نمبر 1 رینکنگ حاصل کرنے کوشاں ہیں ، آسٹریلیائی کم عمر برنارڈ ٹامیچ کی کامیابیوں کا سلسلہ کورٹ نمبر 1 پر ختم کردیا حالانکہ 24 سالہ سکنڈ سیڈ اپنے بہترین کھیل سے کافی دور نظر آئے۔ فیڈرر کی متواتر دوسرے سال کوارٹر فائنل میں شکست بالکلیہ غیرمتوقع رہی ہے ۔ 29 سالہ سوئیس اسٹار جاریہ ٹورنمنٹ کے دوران زبردست فام میں دکھائی دے رہے تھے اور انھیں 7 ویں ومبلڈن ٹائٹل کیلئے پسندیدہ سمجھا جارہا تھا جس کے ساتھ وہ امریکی پٹ سمپراس کے کارنامے کی برابری کرسکتے تھے۔ ابتدائی دو سٹ فیڈرر کیلئے معمول کے مطابق رہے اور انھوں نے طاقتور سبقت حاصل کرلی تاہم تیسرے سٹ سے اُن کی خطابی کوشش بکھرنا شروع ہوئی جب سونگا نے پانچویں گیم میں فیڈرر کو بریک کرتے ہوئے اُن کا ردھم توڑ دیا اور پھر فرانسیسی کھلاڑی نے 16 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپین کو بے خوف ٹینس کے سنسنی خیز مظاہرے کے ذریعہ مغلوب کردیا۔ سونگا کے کیرےئر میں دو سٹ کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے یہ صرف دوسری جیت ہے۔