لاہور۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے ایک پینٹر کو ایک خاتون اسکول ٹیچر کے فیس بُک اکاؤنٹ پر اس کی قابل اعتراض تصاویر اَپ لوڈ کرنے کی پاداش میں 2 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے یاسر حمید نامی پینٹر کو خاتون اسکول ٹیچر کی تصاویر ہیک کرنے اور فیس بُک اکاؤنٹ پر پوسٹ کرنے کا قصوروار پایا۔ سزائے قید کے علاوہ مجرم پر 30,000 روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق حمید مذکورہ ٹیچر کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتا تھا جو لاہور سے 220 کیلومیٹر کے فاصلہ پر واقع موضع خاریان کی ساکن تھیں تاہم خاتون ٹیچر کی جانب سے انکار کردینے کے بعد حمید نے ٹیچر کی تصاویر کو ہیک کرتے ہوئے اسے بلیک میل کرنے تصاویر کو فیس بُک اکاؤنٹ پر اَپ لوڈ کردیا۔