لا یونین ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )کولمبیا ہوائی حادثے میں برازیل کے فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کی موت کے بعد دنیا بھر میں فٹبال شائقین سوگ منا رہے ہیں۔حادثے کا شکار ہونے والے چارچرڈ طیارے میں برازیلی فٹبال کلب چپیکونس کے کھلاڑیوں سمیت 77 سوار تھے جن میں صرف چھ افراد زندہ بچے ہیں۔یہ ٹیم کوپا سڈامریکانا کا فائنل میچ کھیلنے جا رہی تھی جسے اس کلب کی تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جارہا تھا۔ان کی مخالف کولمبین ٹیم اٹلیٹکو نیسنل نے ہار تسلیم کرنے کی پیش کش کی ہے تاکہ چپیکونس کلب کو فاتح قرار دیا جا سکے۔کلب کی جانب سے فٹبال شائقین کو میچ کے مقررہ وقت پر اسٹیڈیم میں سفید لباس میں آنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔برازیل کی فرسٹ ڈویژن ٹیموں کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں چپیکونس کلب کو بلامعاوضہ کھلاڑی فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے اور لیگ سے مطالبہ کیا ہے آئندہ تین برسوں کے لئے کلب کو ختم ہونے سے بچایا جائے۔بارسلونا کلب کے لیونل میسی اور نیمر، مانچسٹریونائیٹڈ کلب کے وائن رونی سمیت کئی نامور کھلاڑیوں نے مرنے والے کھلاڑیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کولمبیا کے ہوابازی کے محکمے نے کہا ہے کہ طیارے میں 21 صحافی بھی سوار تھے اور دونوں فلائٹ ریکارڈرز مل گئے ہیں۔پیر کو پرواز کے دوران طیارے کا میڈیلن شہر کے قریب پائلٹ کی جانب سے فنی خرابی کی اطلاع دی گئی تھی جس کے بعد اس کا کنٹرول ٹاورز سے مقامی وقت کے مطابق شب 11:15 بجے پر رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ بعد ازاں طیارہ شہر سے باہر واقع پہاڑی علاقے میں گر گیا۔حادثے میں بچ جانے والے چھ افراد میں سے تین فٹبال کھلاڑی ہیں۔ابتدائی طور پر طیارے میں سوار افراد کی تعداد 81 بتائی گئی تھی تاہم کولمبین حکام کے مطابق ان میں سے چار افراد طیارے میں سوار نہیں ہوئے تھے۔حادثے میں بچ جانے والے چھ افراد میں سے تین فٹبال کھلاڑی ہیں۔ جن میں ایلن روشل ، ہلیو زیمپر اور گول کیپر جیکسن فولمین شامل ہیں۔ڈنیلو کے نام سے جانے پہچانے جانے والے فٹبال کھلاڑی گول کیپر مارکوس پڈلہا کو بھی ملبے سے زندہ نکالا گیا تھا تاہم وہ ہسپتال میں چل بسے۔طیارے میں سوار 21 صحافیوں میں سے چھ فاکس اسپورٹس برازیل اور دیگر گلوبو میڈیا کے لئے کام کرتے تھے۔تین برطانوی تفتیش کار بھی حادثے کی تحقیقات میں مدد کے لئے کولمبیا جارہے ہیں۔