سائنہ نیہوال نے آسٹریلین اوپن سوپر سیریز خطاب جیت لیا

سڈنی 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بیڈ مینٹن اسٹار سائنہ نیہوال نے دو سال میں پہلی مرتبہ اپنا سوپر سیریز خطاب جیتا ہے اور انہوں نے 750,000 ڈالر انعامی اسٹار آسٹریلین اوپن ٹورنمنٹ جیت لیا ہے ۔ انہوں نے فائنل مقابلہ میں اسپین کی کیرولینا مارن کو شکست دے کر یہ کامیابی حاصل کی ۔ چھٹویں نمبر سیڈ ہندوستانی اسٹار نے جاریہ سال کے اوائل میں انڈیا اوپن گرانڈ پری گولڈ جیتا تھا ۔ انہوں نے آسٹریلین اوپن سوپر سیریز خطاب کے فائنل مقابلہ میں کیرولینا کے خلاف 21 – 18, 21 -11 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ یہ میچ صرف 43 منٹ میں ختم ہوگیا ۔ انہیں 56,000 ڈالرس کی انعامی رقم حاصل ہوئی ہے ۔ سائنہ نیہوال نے میچ کے بعداظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے وہ بہت خوش ہیں۔ ان کی سخت جدوجہد بالآخر رنگ لائی ہے ۔ ان کے کوچس نے انہیں زخموں سے دور رکھنے میں سخت محنت کی ہے ۔ یہ کامیابی ان کیلئے ایک بہت اچھے وقت پر آئی ہے ۔ انہوں نے 2012 میں انڈونیشین اوپن کا سوپر سیریز خطاب جیتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت اہمیت کا سال ہے کیونکہ انہیں دولت مشترکہ خطاب کا دفاع کرنا ہے اور پھر ایشین گیمس بھی ہونے والے ہیں۔ ایسے میں اس کامیابی سے ان کا اعتماد بحال ہوگا ۔

آج کے میچ سے قبل بھی کیرولین مارن سائنہ سے ایک میچ ہار چکی تھیں۔ سائنہ نے جیسے ہی پہلا پوائنٹ جیتا ان کے کھیل میں بہتری آتی گئی اور انہوں نے انتہائی مستعدی اور پھرتی کے ساتھ کھیلتے ہوئے مسلسل اسکور کیا ۔ حالانکہ پہلے گیم میں مارن بھی شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھیں اور وہ بھی اچھی مزاحمت اور جدوجہد کر رہی تھیں۔ ایک موقع پر سائنہ 5 – 2 سے آگے تھیں تو آگے چل کر مارن نے یہ فرق 6 – 8 کردیا تھا ۔ مارن نے تاہم ایک اہم موقع پر اپنی سرویس غلط کردی جس کے بعد انہیں زیادہ کچھ سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا ۔ مارن نے بریک کے بعد اپنے کھیل میں بہتری پیدا کی تھی لیکن سائنہ نیہوال نے اپنے حوس قابو میں رکھتے ہوئے کم سے کم غلطیاں کیں اور اسکور کو آگے بڑھاتی رہیں۔ پہلا گیم سائنہ نیہوال نے 21 – 18 سے جیتا ۔ مارن نے حالانکہ کچھ موقعوں پر جارحانہ تیور اختیار کئے تھے لیکن اس کا سائنہ نیہوال پر کوئی خاص اثر نہیں ہوسکا ۔ پہلا گیم سائنہ نے 23 منٹ میں جیت لیا تھا ۔

دوسرے گیم میں مارن نے حالانکہ ابتداء میں 3 – 1 سے سبقت حاصل کرلی تھی تاہم بعد میں وہ سائنہ کے کھیل کے آگے زیادہ دیر ٹک نہیں سکیں اور نہ میچ میں ان کی کوئی خاطر خواہ واپسی ہوسکی ۔ سائنہ نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد جلدی ہی اپنے کھیل کو بہتر بنایا اور میچ میں واپسی کرتے ہوئے انہوں نے سبقت حاصل کرلی اور اس سبقت کو مارن ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ سائنہ نے درمیان میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 11 – 4 تک پہونچا دیا تھا ۔ سائنہ نے موقع بہ موقع مارن کی جانب سے ہونے والی غلطیوں سے بھی فائدہ اٹھایا اور میچ کو اپنے حق میں کرلیا ۔ سائنہ نے مسلسل روایتی انداز اختیار کرتے ہوئے اپنی مخالف کے حوصلے مزید پست کردئے ۔ سائنہ نے اپنے کیرئیر میں یہ دوسرا سوپر سیریز خطاب جیتا ہے ،۔