زندہ دلان حیدرآباد کی دو روزہ سالانہ تقاریب

حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : زندہ دلان حیدرآباد کی دو روزہ سالانہ تقاریب کا تلگو یونیورسٹی آڈیٹوریم نامپلی میں جمعہ 24 نومبر کی شام 6 بجے ادبی اجلاس سے آغاز ہوگا ۔ جس میں ملک کے مایہ ناز طنز و مزاح نگار طنز و مزاح سے بھر پور نثری تخلیقات پیش کریں گے ۔ ادبی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد علی رفعت آئی اے ایس ، صدر زندہ دلان حیدرآباد کریں گے ۔ مہمان خصوصی پروفیسر م ن سعید نامور محقق و نقاد ہیں اور بنگلور یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے صدر کے علاوہ کرناٹک اردو اکیڈیمی کے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔ حال میں وزیراعظم نریندر مودی پر انہوں نے خالص ادبی اسلوب میں نہایت پر اثر دو طنزیہ مضامین قلم بند کئے ہیں ۔ جو ’ شگوفہ ‘ اور مختلف اہم روزناموں میں شائع ہوئے ۔ زندہ دلان حیدرآباد کی خصوصی دعوت پر ادبی اجلاس میں اپنا ایک تازہ مزاحیہ مضمون پیش کریں گے ۔ ان کے علاوہ مسرز ڈاکٹر فیاض احمد فیضی ( ممبئی ) ، اسد رضا ( دہلی ) ، ڈاکٹر فرزانہ فرح ( بھٹکل ) ، رؤف خوشتر ( بیجا پور ) ، ڈاکٹر عباس متقی ، ڈاکٹر ممتاز مہدی اور ڈاکٹر علیم خاں فلکی ( حیدرآباد ) بھی اپنے تازہ مزاحیہ مضامین سنائیں گے ۔ اس موقع پر ممبئی کے ممتاز مزاح نگار فیاض احمد فیضی کی تیسری تصنیف ’ بال کی کھال ‘ کی رسم اجراء بھی انجام پائے گی ۔ ڈاکٹر علیم خاں فلکی کنوینر ادبی اجلاس ہوں گے ۔ ہفتہ 25 نومبر کو صبح 11 بجے محفل لطیفہ اور رات 8 بجے کل ہند مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست یادگار مشاعرہ کی صدارت کریں گے ۔