ڈھاکہ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے زخمی کھلاڑیوں کے مسائل میں آج مزید اس وقت اضافہ ہوگیا جب اس کی صف اول کے فاسٹ بولر مشرف مرتضیٰ زخمی ہوکر ایشیاء کپ ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ کل بنگلہ دیشی ٹیم اپنا آئندہ مقابلہ افغانستان کے خلاف کھیلے گی اور مرتضیٰ کے مقام پر شفیع الاسلام کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شاندار فام میں موجود کپتان مشفق الرحیم کی شرکت بھی ہنوز غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔
سری لنکائی کھلاڑیوں کی فیس میں
7 فیصد اضافہ
کولمبو ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان گذشتہ برس فیس کی ادائیگی کے ضمن میں تنازعہ ہوا تھا لیکن نئے معاہدہ کے تحت بورڈ نے کھلاڑیوں کی رقومات میں 7 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا کی نیشنل سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ روز اپنے نئے معاہدہ برائے سال 2014-15ء کے لئے 17 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے، جنہیں 4 مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ پرسنا جئے وردھنے، تلک رتنے دلشان اور لستھ ملنگا کو مخصوص زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔