ریل میڈرڈ کی چمپینس لیگ فائنل میں رسائی

میونخ – 30 اپریل(سیاست ڈاٹ کام)ریل میڈرڈ نے چیمپینس لیگ فٹ بال کے فائنل میں جگہ بنالی، دفاعی چمپئن بائیرن میونخ کو 4-0 سے شکست ہوئی۔ میونخ میں کھیلے گئے سیکنڈ لیگ سیمی فائنل میں ریل میڈرڈ چھائی رہی، سرجیو راموس اور کرسٹیانو رونالڈو کے دو دو گولز کی بدولت مہمان ٹیم نے میچ 4-0 سے اپنے نام کرلیا۔ فرسٹ لیگ سیمی فائنل میں بھی ریل میڈرڈ نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ کے دوران رونالڈو نے چیمپینس لیگ سیزن میں سب سے زیادہ گولز اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ فائنل میں ریل میڈرڈ کا مقابلہ چیلسی اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے فرسٹ لیگ سیمی فائنل میں کوئی گول نہیں کیا ہے۔

پجارا نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا
راجکوٹ ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام ) کنگس الیون پنجاب کے اوپنر چٹیشور پجارا نے آج اپنے مصروف ترین آئی پی ایل سے وقت نکالتے ہوئے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ پجارا جنھوں نے 28 اپریل کو رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف اپنے متحدہ عرب امارات کے آخری مقابلے میں 10 رنز اسکور کئے تھے ، وہ اس مقابلے کے بعد وطن فوری واپس لوٹ گئے تاکہ اپنے آبائی شہر پہونچ کر لوک سبھا انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں۔ راجکوٹ شہر کے الیکشن کمیشن نے 26 سالہ پجارا کو پارلیمانی انتخابات کیلئے ضلعی سطح پر برانڈ ایمبسیڈر اور آئیکان مقرر کیا ہے ۔