کراچی ۔ 31 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیرمین ذکا اشرف نے 3 فبروری کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے تاکہ آئندہ ماہ دبئی میں منعقد شدنی آئی سی سی کے اجلاس میں ہندوستان ‘آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے مجوزہ بیگ تھری کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے ۔ رواں ہفتہ منعقدہ آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان نے جنوبی افریقہ اورسری لنکا کے ساتھ ہندوستان ‘آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے مجوزہ بیگ تھری کے منصوبے پر مزید مطالعہ کے لئے وقت مانگا ہے۔ دریں اثناء ایک انٹر ویومیں اشرف نے کہا کہ حالیہ تبدیلیوں سے کرکٹ کا مستقبل خطرے میں ہے۔آئی سی سی اجلاس سے متعلق وزیراعظم کو مطلع کروں گا۔ چیئرمین پی سی بی ذکا ء اشرف نے کہا کہ جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور پاکستان نے مضبوط موقف اپنایا ہوا ہے۔ہم بی سی سی آئی کی لالچ میں نہیں آئے۔
ہم پر دباؤ ڈالا گیا لیکن بنگلہ دیش کی طرح ہم جھکے نہیں۔ملک کے مفاداور اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وہی کیا جو پاکستان کے بہتر مفاد میں ہے۔ذرائع کے مطابق اس بارے میں ذکا اشرف گورننگ بورڈ کو اعتماد میں لیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں تین بڑوں کے مجوزہ پوزیشن پیپر پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے بلکہ اجلاس میں پیش کردہ رہنمایا نہ اصولوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے اپنے گورننگ بورڈ سے ان کی منظوری لے گا جس کے بعد وہ آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں اپنی موقف کے ساتھ پیش ہوگا۔ بی سی سی آئی کے صدر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی اس بات پر ناراض ہوگئے جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کی پاکستان کے ساتھ 8 سال میں چار مرتبہ کھیلنے کی پیشکش پر کہا کہ اس کی کیا ضمانت ہے۔