اسلام آباد ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان آرمی نے افغان سرحد کے نزدیک واقع وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں مشتبہ طالبان کے ٹھکانوں پر اہدافی فضائی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بیس جنگجو ہلاک اور ان کے پانچ ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو خیبر ایجنسی میں اکاخیل ، تیراہ اور دوسرے علاقوں میں مشتبہ جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔اس علاقہ میں ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان کے علاوہ ،انصارالاسلام اور لشکراسلام سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے پناہ لے رکھی ہے۔ خیبرایجنسی کے علاقے سپن قمر میں چہارشنبہ کو ایک جھڑپ میں آٹھ فوجی شہید ہوگئے تھے اور پاک فوج کی بمباری میں اکیس مشتبہ دہشت گرد مارے گئے تھے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خیبر ایجنسی میں مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اب تک 66 جنگجو اور بارہ فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ طالبان کے اہم کمانڈروں نے حکام کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔