خواتین کو خود کفیل بنانے کیلئے ہنرمندی کی تربیت

نئی دہلی، 28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزارت اقلیتی امور کے تحت قائم کردہ قومی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن ّاین ایم ڈی ایف سی) اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی پسماندگی دور کرنے کے لئے آسان شرطوں پر قرض کی مختلف اسکیمیں چلارہی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ این ایم ڈی ایف سی کے ڈائرکٹر شہباز علی نے بتایا کہ ایجوکیشن لون کے تحت ان کا ادارہ ملک میں تکنیکی اور پیشہ وارانہ کورسیز کیتکمیل کے لئے 15 لاکھ روپے تک کا قرض دیتا ہے جبکہ بیرون ملک جاکر تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو 20 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کرایا جا تا ہے ۔ یہ قرض محض 3 فیصد سالانہ شرح سود پر دیا جاتا ہے اور تعلیم مکمل ہونے پر پانچ برس کی آسان قسطوں پر یہ رقم واپس کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی قرض کے تحت کریڈٹ لائن ۔ 2 کے تحت ملک میں پیشہ وارانہ کورسیز کے لئے طلبا و طالبات کو 20 لاکھ اور بیرونی ممالک میں پڑھنے والے بچوں کو 30 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جاتا ہے ۔ کریڈٹ لائن کے تحت خواتین کو 3 فیصد کی رعایت دی جاتی ہے ۔مسٹر شہباز علی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے ادارہ قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن کے قیام کا واحد مقصد اقلیتی فرقے کے لوگوں کو آسان شرطوں پر قرض فراہم کرکے ان کے بچوں کے لئے حصول تعلیم کا راستہ آسان بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنا روزگار خود کرنے کے لئے بھی قرض فراہم کرانا ہے ۔ تاکہ وہ اس سے استفادہ کرکے سماج میں باعزت زندگی گزار سکیں۔انہوں نے بتایا کہ چھوٹے چھوٹے روزگار شروع کرنے کے لئے این ایم ڈی ایف سی ایک لاکھ روپے تک کا قرض دیتا ہے جو سالانہ 7 فیصد شرح سود پر دیا جاتا ہے ۔ اسی طرح مارکیٹنگ کرنے کی مددگار اسکیم کے تحت دستکاروں و فنکاروں کو مختلف نمائشوں میں اپنے فن کے نمونوں کو فروخت کرنے کے لئے مدعو کیا جاتا ہے جس میں شرکت کے لئے دستکاروں و فنکاروں کو آمدورفت کا خرچ دیا جاتا ہے ۔ خواتین کے لئے مہیلا سمردھی یوجنا کے تحت سلائی، کڑھائی، کٹنگ، ہتھ کرگھا، بنائی، زردوزی وغیرہ کی تربیت یافتہ خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے این ایم ڈی ایف سی قرض فراہم کراتا ہے اور ایسی خواتین کو چھ ماہ کی تربیت کے دوران ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفے کے ساتھ انہیں 1500 روپے کی گرانٹ بھی دی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس نومبر میں پرگتی میدان میں شروع ہونے والے بین الاقوامی تجارتی میلے میں خصوصی نمائش کا اہتما کیا جائے گا جس میں اقلیتی طبقات کے لوگوں کے ذریعے تیار کردہ بنائی، کڑھائی، لکڑی کے ساز و سامان، پیتل کا ساز و سامان وغیرہ کی نمائش کی جائے گی۔