حیدرآباد۔/30جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ یکم فبروری کو 11:30بجے دن حج ہاوز نامپلی میں حج 2014 کے فارمس جاری کریں گے۔ جاریہ سال حج کیلئے درخواست فارم کی اجرائی کا یکم فبروری سے آغاز ہوگا۔ حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں اسی دن سے درخواستوں کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ اس سلسلہ میں اضلاع میں کام کرنے والی مقامی کمیٹیوں کو درخواست فارم حوالے کردیئے گئے ہیں۔ درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کی آخری تاریخ 15مارچ مقرر کی گئی ہے۔ حج فارمس کی اجرائی کی تقریب میں محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے جاریہ سال حج کے مکمل خرچ اور حج کوٹہ کا تعین کیا جانا باقی ہے۔ تمام درخواست گذاروں کو جنہوں نے حج کمیٹی کے ذریعہ حج نہ کیا ہو عام زمرہ کے تحت اپنے پاسپورٹ کی کاپی کے ساتھ درخواست داخل کریں۔
پاسپورٹ 31مارچ 2015ء تک کارکرد ہونا چاہیئے ورنہ درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ محفوظ زمروں کے عازمین درخواست کے ساتھ اصل پاسپورٹ اور ایک عدد کلر فوٹو داخل کریں۔ محفوظ زمروں میں 70سال یا اس سے زاید عمر کے عازمین اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے عازمین شامل ہوں گے جن کے نام مسلسل تین سال سے قرعہ اندازی میں شامل نہ ہوئے ہوں۔ چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے عازمین درخواست فارم میں تین سال کے کور نمبر ضرور درج کریں ورنہ ان کی درخواستوں کو عام زمرہ کے قرعہ اندازی میں شامل کردیا جائیگا۔ محفوظ زمروں کے عازمین کیلئے ضروری ہے کہ انہوں نے اس سے پہلے حج کمیٹی یا خانگی ٹور آپریٹر کے ذریعہ یا کسی اور ذریعہ سے حج ادا نہ کیا ہو۔ درخواست فارم حج کمیٹی سے بلامعاوضہ حاصل کئے جاسکتے ہیں یا حج کمیٹی کی ویب سائٹ www.hajcommitee.com سے ڈان لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔