نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کی ناراض بیوی حسین جہاں نے اپنے شوہر کے لئے ایک نئی مشکل کھڑی کر دی ہے ۔ انہوں نے اپنی فیس بک ٹائم لائن پر ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ یہ سمیع کا ڈرائیونگ لائسنس ہے جس میں ان کی تاریخِ پیدائش1982 درج ہے ۔حسین جہاں کے مطابق محمد سمیع نے انڈین کرکٹ بورڈاورکرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کو دھوکے میں رکھا ہے ۔انہوں نے اپنی اصل عمر چھپاتے ہوئے کرکٹ بورڈ اور اسوسی ایشن کو جو معلومات فراہم کی ہیں ان میں اپنی تاریخ ِ پیدائش1990 ظاہر کی ہے ۔اگرچہ حسین جہاں نے بعد میں یہ پوسٹ اپنی فیس بک ٹائم لائن سے ہٹا دی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور محمد سمیع کاغذات میں ہیراپھیری اور دھوکہ دہی کے مرتکب پائے جاتے ہیں تو ان کے کرکٹ کیریئر کے لئے نئی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔محمد سمیع پہلے ہی اپنی ناراض بیوی کی جانب سے غیرازدواجی تعلقات رکھنے ، گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے اور میچ فکسنگ جیسے الزامات کے باعث بڑی مشکل میں ہیں۔حسین جہاں کی شکایت پر ان کے خلاف ایف آئی آربھی درج ہو چکی ہے ۔