حیدرآباد 30 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی جنوبی ہند میں اپنے 13 روزہ قیام کو کل مکمل کرینگے اور دہلی روانہ ہوجائیں گے ۔ صدر جمہوریہ ان تعطیلات میں بولارم میں راشٹرپتی نیلائم میں مقیم رہے ۔ حالانکہ وہ اپنی روایتی سالانہ تعطیلات گذارنے یہاں آئے تھے لیکن مختلف شہروں اور ریاستوں میں ہونے والے پروگرامس کے علاوہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے مسئلہ نے صدر جمہوریہ کو یہاں بھی مصروف رکھا ۔ ریاست کے دونوں علاقوں سے تعلق رکھنے والے قائدین اور سیاسی جماعتوں نے مسلسل راشٹر پتی نیلائم پہونچ کر اپنے اپنے موقف سے صدر جمہوریہ کوواقف کروایا ۔
چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی ‘ صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سربراہ چندر شیکھر راؤ ‘ وائی ایس آر کانگریس کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ کئی ریاستی و مرکزی وزرا ‘ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی نے مختلف موقعوں پر صدر جمہوریہ ملاقات کرتے ہوئے تقسیم ریاست کے مسئلہ پر اپنے اپنے موقف سے متعلق نمائندگیاں پیش کیں۔ صدر جمہوریہ 19 ڈسمبر کی شام کو یہاں پہونچے تھے ۔ دوسرے ہی دن انہوں نے چینائی ‘ تھرو اننتا پورم اور کوچی کا دورہ کرتے ہوئے چار تقاریب میں شرکت کی ۔ وہ آئندہ دو دن تلنگانہ اور سیما آندھرا کے وفود سے ملاقاتوں میں مصروف رہے ۔ تلنگانہ ریاست کے شدید مخالف چیف منسٹر نے 22 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ سے ایک گھنٹے تک تفصیلی ملاقات کی جس پر یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ انہوں نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل پر تبادلہ خیال کیا ہے جو ریاستی اسمبلی کو روانہ کیا جاچکا ہے ۔
تاہم چیف منسٹر کے دفتر نے فوری ان اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ ملاقات خالصتا خیرسگالی رہی ہے ۔ 23 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ نے اننت پور کا دورہ کیا اور 24 ڈسمبر کو گورنر کی جانب سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی ۔ انہوں نے 25, 72 اور 28 ڈسمبر کو اتر پردیش اور مہاراشٹرا کا دورہ کیا جبکہ 26, 29 اور 30 ڈسمبر کو مختلف سیاسی قائدین اور جوائنٹ ایکشن کمیٹیوں کے نمائندوں نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں ہی علاقوں کے نمائندوں اور قائدین نے اپنے اپنے طور پر یہ ادعا کیا کہ صدر جمہوریہ نے ان کے موقف کی ہمدردانہ سماعت کی ہے اور یہ تیقن دیا کہ ان کے مطالبہ پر ضروری کارروائی کی جائیگی ۔ راشٹرپتی نیلائم سے تاہم ان ملاقاتوں کے تعلق سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ نے آج شام تقریبا 800 مہمانوں کیلئے ایٹ ہوم کا انعقاد عمل میںلایا تھا ۔ راشٹرپتی نیلائم میں پہلی مرتبہ اس طرح کے ایٹ ہوم کا اہتمام کیا گیا تھا ۔