جناب محمد محمود علی نے لواحقین کو پرسہ دیا

حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے حضرت سید محمدصدیق حسینی قادری سجادنشین بارگاہ حضرت خواجہ محبو ب اللہ سے ملاقات کرتے ہوئے حضرت کے جواں سال عالم دین مولانا حافظ سید شاہ علی محی الدین محبو ب قادری المعروف محبو ب بابا کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور کار حادثے میںجاں بحق ہونے والے حیدرآباد کے دونوں عالم دین کے لئے دعاء مغفرت بھی کی ۔ قبل ازیں نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے بارگاہ حضرت خواجہ محبو ب اللہ پربھی حاضری دی۔ اس دوران جناب محمد محمود علی نے حادثے کے متعلق تفصیلات بھی حاصل کئے ۔بعدازاں جناب محمدمحمود علی نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر کی عظیم دینی درسگاہ سے فارغ التحصیل اور شہر حیدرآباد کے مشائخ گھرانے سے تعلق رکھنے والے مولانا حافظ سید شاہ علی محی الدین قادری المعروف محبو ب بابا اور مولانا فہیم الدین کامل جامعہ نظامیہ کی حادثاتی موت پر حکومت گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک عالم دین کی موت تمام پورے معاشرے کا عظیم نقصان ہے ۔ جناب محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ حکومت تلنگانہ پسماندگان کے غم میںبرابر کی شریک ہے اس کے علاوہ انہوں نے پسماندگان کے لئے صبر تحمل کے لئے بھی دعائیں کی۔ جناب محمدمحمود علی نے پسماندگان کوحکومت تلنگانہ کی جانب سے ممکن تعاون کا بھی اعلان کیا ۔اس موقع پر مولانا سید غلام صمدانی علی قادری معتمد انجمن قادریہ‘ مولاناحامد محمد قادری المعروف افتخار پاشاہ‘ مولانا سیدبرکت اللہ حسینی قادری‘ مولاناسید محمود فصیح اللہ حسینی المروف وقار پاشاہ‘ مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ‘ مولاناسعید قادری‘مولانا سید قطب قادری اور بارگاہ حضرت سید خواجہ محبو ب اللہ کے معتقدین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجو دتھی۔