جموں 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) 8 ارکان مقننہ کو محبوبہ مفتی زیرقیادت پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت برائے جموں و کشمیر میں شامل کیا جائے گا، اِن 8 میں سے توقع ہے کہ 7 نئے چہروں ہوں گے۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب مجلس وزراء میں ردوبدل سے قبل محبوبہ مفتی کی قیامگاہ پر ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے کوششیں شدت اختیار کرگئی ہیں جنھوں نے کل رات اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بی جے پی 6 ارکان اسمبلی کو بطور وزراء شامل کرنا چاہتی ہے جبکہ پی ڈی پی 2 ارکان اسمبلی کو اپنے کوٹے کے طور پر رکھنا چاہتی ہے۔ بی جے پی کی ریاستی شاخ کے صدر ست شرما، راجیو جسروٹیا اور دیویندر کمار منیال کٹھوعہ اور متصلہ علاقے سانبا کے ارکان اسمبلی ہیں۔ وہ بی جے پی کے اُن چہروں میں شامل ہیں جنھیں ریاستی کابینہ میں بطور وزراء شامل کیا جاسکتا ہے۔ پی ڈی پی کی جانب سے محمد خلیل بند رکن اسمبلی پلوامہ اور محمد اشرف میر رکن اسمبلی سونوار کے نام بطور کابینی وزراء سنے جارہے ہیں جبکہ بی جے پی سنیل شرما کو جو فی الحال وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ ہیں ترقی دے کر کابینہ وزیر بنانا چاہتی ہے۔