حیدرآباد 30اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے دسویں جماعت امتحانات کے جوابی پرچوں کی جانچ کا کام مکمل ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ 5یا 6مئی کو نتائج جاری کئے جائیں گے ۔ڈائرکٹوریٹ سرکاری امتحانات کے افسروں کے مطابق 59لاکھ جوابی پرچوں کی جانچ کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ایک سینئرافسر نے کہا کہ نائب وزیراعلی و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری سے نتائج کی اجرائی کے لئے وقت مانگا جائے گا۔ وزیرموصوف کی سہولت کی مناسبت سے امکان ہے کہ نتائج 5یا 6مئی کو جاری کئے جائیں گے ۔ایس ایس سی میں 5,09,831 ریگولر اور 29,395 پرائیویٹ امیدواروں نے شرکت کی۔ اس سال طلبہ اور اساتذہ نے اس احساس کا اظہار کیا کہ فزکس کا پرچہ سوالات مشکل ترین تھا ۔انہوں نے دعوی کیا کہ مشکل سطح کے سوالات میں 20فیصد سے 40فیصد تک کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ اسی دوران فزکس کے امتحان میں سوال 17(b) حل کرنے والوں کو 4نشانات دیئے جائیں گے ۔