تلنگانہ کی تشکیل کا عمل غیرمتاثر : ڈگ وجئے سنگھ

نئی دہلی 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آندھرا پردیش اسمبلی میں تنظیم جدید آندھرا پردیش بل کے استرداد کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے اور کہا کہ ایسا توقعات کے مطابق ہوا ہے تاہم اس کی وجہ سے نئی ریاست کی تشکیل کا عمل متاثر نہیں ہوگا ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے تاہم یہ بھی واضح کردیا کہ پارٹی چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اور کانگریس کے دیگر قائدین کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی جنہوں نے تنظیم جدید آندھرا پردیش بل 2013 کو مسترد کرنے کی قرار داد کی حمایت کی تھی ۔

مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے جو آندھرا پردیش میں کانگریس امور کے نگران بھی ہیں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک قرار داد کا سوال ہے اس کے نتیجہ میں دستور کے آرٹیکل 3 کے تحت نئی ریاست کی تشکیل کا عمل متاثر نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ یہ بل آندھرا پردیش اسمبلی کو صرف تبصرے کیلئے روانہ کیا گیا تھا رائے دہی کیلئے نہیں ۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں آج ایک قرار داد ندائی ووٹ سے منظور کی گئی جسے چیف منسٹر نے پیش کیا تھا اور اس قرار داد کے ذریعہ تنظیم جدید آندھرا پردیش 2013 بل کو مسترد کردیا گیا جو علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے متعلق ہے۔