نئی دہلی،6جون (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک کے سابق وزیر اورکان کنی مافیا جی جناردن ریڈی نے بیلاری جانے کی اجازت کے سلسلے میں سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے ،جس پر کل (جمعہ کو)سماعت ہوگی۔ کروڑوں روپے کے غیر قانونی کان کنی معاملے میں ملزم اور ضلع بدر ریڈی نے اپنے بیمار سسر کو دیکھنے کے لئے بیلاری جانے کی اجازت کے سلسلے میں جمعرات کو سپریم کورٹ کا رخ کیا۔ جسٹس اندرا بینرجی کی صدارت والی تعطیلی بینچ نے عرضی کی سماعت پر حامی بھرتے ہوئے اسے کل فہرست میں درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عرضی گزار نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ ان کے سسر بیلاری کے ایک اسپتال میں آئی سی یو میں داخل ہیں اور وہ انہیں دیکھنے جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں اوبلاپورم کان کنی معاملے میں اپنے آبائی ضلع بیلاری نہ جانے کی شرط پر ضمانت پر رہا کیاگیا ہے ۔اس لئے وہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیلاری نہیں جاسکتے ۔ ریڈی اور ان کے رشتہ دار اور اوبلاپوریم مائننگ کمپنی (او ایم سی)کے مینیجنگ ڈائریکٹر بی وی شرینواس ریڈی کو مرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی)نے پانچ ستمبر 2011 کو بیلاری سے گرفتار کیا تھا۔اس کے بعد انہیں حیدرآباد لایا گیا تھا۔ ریڈی کو تین سال سے زیادہ عرصہ جیل میں بتانے کے بعد جنوری 2015میں شرط کے ساتھ ضمانت پر رہا کیاگیا تھا۔سپریم کورٹ نے ضمانت کی شرائط کے تحت ریڈی کے کرناٹک کے بیلاری اور اننت پور اور آندھرا پردیش کے کڈپا میں داخل ہونے پر پابندی لگائی ہوئی ہے ۔