خصوصی ٹیکہ اندازی کا منصوبہ، کریم نگر میں ڈاکٹر محمد علیم کا بیان
کریم نگر۔/29جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مختلف جان لیوا خطرناک بیماریوں سے بچنے کیلئے نومولود سے لیکر پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرنے والی ادویات اور ٹیکہ اندازی جوحکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے اس فہرست میں ایک اور ٹیکہ کا اضافہ کئے جانے کا منصوبہ زیر ترتیب ہے۔ ڈاکٹر محمد علیم ایمونائزیشن آفیسر کریم نگر نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو بی سی جی، پولیو ڈراپ دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں بہبود خواتین و اطفال کے زیر اہتمام ماں اور بچہ کی صحت کی حفاظت کا کارڈ مرتب کیا جائے گا اور بی سی جی اور بی وی ہیپاٹیٹس بی، ڈی پی ٹی میزلس، پولیو وٹامن اے جیسے امراض کے انسداد ٹیکے مفت میں دیئے جارہے ہیں۔ اب آئندہ سے دیڑھ ماہ، ڈھائی ماہ، ساڑھے تین سال اس طرح مرحلہ وار وقفہ وقفہ سے ٹیکہ اندازی کرکے ڈی پی ٹی ہیپاٹیٹس بی نامی تین ٹیکے دینے کے بجائے پینٹا والینٹ ویاکسن حکومت کے محکمہ طب کی جانب سے مفت دیئے جانے کا منصوبہ ہے جس کی قیمت 600 روپئے کے حساب سے تین مرحلوں میں جملہ 18سو روپئے ہوتی ہے لیکن حکومت عوام کی طبی سہولتوں میں اضافہ کے پیش نظر مفت فراہمی کا منصوبہ بنارہی ہے تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقات کو یکساں طبی سہولتیں فراہم ہوسکیں۔ فی الحال یہ ویاکسن کیرالا اور تاملناڈو کی حکومتیں فراہم کررہی ہیں۔ دو سال قبل اس سہولت کی فراہمی کی کوشش کی گئی تھی لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بناء ایسا نہیں کیا جاسکا۔انہوں نے بتایا کہ اس ویاکسن کے استعمالسے عمر کے حساب سے وزن نہ ہونے، قے و دست، انفیکشن، بیکٹیریا، سانس لینے میں تکلیف جیسی بچوں کو ہونے والی بیماریوں سے حفاظت ہوگی۔