ڈھاکہ ۔ 31 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) بگ تھری ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لئے تیار ہوگیا۔کرکٹ بورڈ نے امید ظاہرکی کہ 8 فروری کو ہونے والے اجلاس میں ہندوستان، آسٹریلیا اورانگلینڈ کے کرکٹ بورڈس اراکین پارٹیسیپشن ایگریمنٹ(ایم پی اے)پر دستخط کردینگے۔اس ضمن میں بورڈ کے صدرناظم الحسن نے کہا ہیکہ ٹیم نے 14برسوں سے ہندوستان کا دورہ نہیں کیا لیکن اب ٹیم کا موقف مستحکم ہے۔ ہم ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ دوطرفہ ٹسٹ سیریزکھیلنے کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم مقصد ٹسٹ کھیلنا ہے۔ہم ملک کے مفاد کو دیکھتے ہوئے کسی ٹیم سے تصادم نہیں کرنا چاہتے۔ہم ٹیم کوبگ تھری کے ملکوں کا دورہ کروانا اوران کو اپنے ملک میں کھیلنے کی دعوت دینا چاہتے ہیں۔امید ہے کہ 8فروری کو بگ تھری ممالک بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلنے کیلئے معاہدے پر دستخط کردیں گے۔صدر نے مزید کہا کہ فیوچر ٹورپروگرام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اب بورڈس ارکان پارٹیسیپشن ایگریمنٹ(ایم پی اے) کے تحت تمام معاہدے طے پائیں گے اور اس کو ہی قانونی حیثیت دی جائیگی۔ناظم الحسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ذکاء اشرف کے بیان کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چاروں بورڈس (بنگلہ دیش،پاکستان، سری لنکا اور کرکٹ جنوبی افریقہ) نے بگ تھری کے مجوزہ منصوبے کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ بنگلہ دیش بورڈ کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کرے گا۔ گمان کیا جارہا تھا کہ ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے آئی سی سی کو پیش کئے جانے والے بگ تھری منصوبہ کی پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ مخالفت کریں گے لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے ان امکانات کو مسترد کردیا کہ وہ ملک کی کرکٹ کے مفاد میں کسی بھی ٹیم سے ناراضگی حاصل نہیں کرنا چاہتے ۔