لندن۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر ٹاٹنگھم شائر کاونٹی کی جانب سے ونڈے میچ جیتنے کے بعد کسی عام اور اجنبی شہری کی گاڑی میں سوتے ہوئے پائے گئے۔میڈیا کے بموجب 45 سالہ مائیکل وائٹ ٹیکر نے کہا کہ وہ کام پر جانے کے لئے نکل رہے تھے کہ انہوں نے کسی کو اپنی گاڑی میں سوتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے فوری پولیس کو مطلع کیا اور معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ سونے والا شخص اور کوئی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی کرکٹر ہے۔مائیکل نے مزید کہا ہے کہ بیدار کرنے پر برینڈن کو معلوم نہیں تھا وہ کہاں ہیں اور وہ اپنے اس عمل پر انتہائی شرمندہ بھی تھے۔یہ ایک انتہائی مزاحیہ صورتحال تھی، کیوں کہ نہ مجھے، نہ برینڈن کو یہاں تک کے پولیس کو بھی نہیں پتہ تھا کہ کیا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آخر یہ کوئی عام واقعہ نہیں کہ کوئی نامور کرکٹر آپ کی گاڑی میں سوتا ہوا پایا جائے۔پولیس حکام کے مطابق ’موقع پر پہنچے پر ہمیں وہاں کچھ نہیں ملا نہ گاڑی کو کوئی نقصان پہنچا تھا نہ ہی کوئی اور غلطی سرزد ہوئی۔انہوں نے کہا ‘برینڈن بہت شرمندہ تھے یہاں تک کہ انہوں نے گاڑی کی اندر سے صفائی کی پیشکش بھی کردی، اس پورے واقع سے متعلق برینڈن ٹیلر اور ٹاٹنگھم شائرکی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔