نوجوانوں کو کام کرنے کا مشورہ ، کرپشن ناقابل برداشت، چندرابابو نائیڈو کی تقریر
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ان کی حکومت بے روزگاری الاؤنس دینے پر سرگرمی سے غور کررہی ہے۔ یہ اقدام جلد کیا جائے گا۔ مغربی گوداوری ضلع کے مقام نلا جرلہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بے روزگاری الاؤنس سے متعلق پالیسی طے کی جارہی ہے۔ اسے جلد روبہ عمل لایا جائے گا۔ انھوں نے بہرحال یہ کہاکہ بے روزگار نوجوانوں کو چاہئے کہ حکومت سے الاؤنس حاصل کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں اضافہ کی تدابیر اختیار کریں۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ان کی حکومت غریبی ختم کرنے کے عہد کی پابند ہے۔ حکومت ہر غریب خاندان کو دس ہزار تا 25 ہزار روپئے فراہم کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نظم و نسق کرپشن سے پاک ہوگا۔ نظم و نسق کے ساتھ سیاست کو بھی کرپشن سے پاک کیا جائے گا۔ ہر کسی کو چاہئے کہ اپنی آمدنی میں اضافہ کی فکر اور کوشش کرے۔ کرپشن کے ذریعہ آمدنی حاصل کرنا کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ کرپٹ عہدیداروں کے خلاف ان کی حکومت سخت اقدامات کرے گی۔ وہ کرپشن کو برداشت نہیں کریں گی۔ معطل ملازمین اگر اس خیال میں ہیں کہ ایک دو سال میں وہ بحال کردیئے جائیں گے تو وہ غلطی پر ہیں۔ سابق حکومتوں کا طریقہ اب چلنے والا نہیں ہے۔