جوہانسبرگ ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اسٹار جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ کی کرکٹ کے میدان میں شاندار خدمات پر جنوبی افریقہ کی حکومت نے انہیں اعلیٰ اعزاز ‘آرڈر آف اکھلامانگا’ سے نواز دیا ہے۔آرڈر آف اکھلامانگا جنوبی افریقہ کا اعلیٰ اعزاز ہے جسے جنوبی افریقی صدر جاری کرتے ہیں اور یہ کھیل، فن، میوزک، ثقافت، ادب، میوزک یا صحافت کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے۔117 ٹسٹ، 164 ونڈے اور 43 ٹی20 میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے آملہ اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں794 17 رنز بنا چکے ہیں جبکہ انہیں جنوبی افریقہ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز 311 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ہاشم آملہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے پہلے بیٹسمین ہیں اور ان سے قبل کوئی بھی بیٹسمین یہ ایوارڈ نہیں جیت سکا۔ اس سے قبل سابق فاسٹ بولرز شان پولاک اور مکھایا انتینی کو 2008 میں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔ہاشم آملہ اس وقت انگلینڈ میں ہیمپشائر کاؤنٹی کے لیے کھیل رہے ہیں اور انہوں نے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے عوام کے نام کردیا۔آملہ نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ میرے لیے اعزاز رہا ہے، آرڈر آف اکھلامانگا ملنے پر بہت شکرگزار ہوں۔ جنوبی افریقہ کے تمام لوگوں کا شکریہ۔ یہ ایوارڈ ان کے لیے ہے۔واضح رہے کہ ہاشم آملہ جنہوں نے ماضی میں افریقی ٹیم کیلئے شاندار مظاہرہ کئے ہیں لیکن حالیہ سیزن میں ان کا فام ناقص ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ شاید وہ اپنے کریر کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور شاید ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی بھی اختیار کرسکتے ہیں۔