اوقافی تنازعات کی یکسوئی کیلئے کیرالا کا مثالی اقدام

تین رکنی ٹریبونل کا قیام ، تمام عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی منتقلی، سروے کیلئے جوائنٹ کمیشن کی تشکیل

حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کیرالا حکومت نے ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے ۔ ملک بھر میں لاکھوں اوقافی جائیدادیں تنازعات کا شکار ہیں جن کا بہتر استعمال کرتے ہوئے آمدنی کو اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاسکتا ہے ۔ کیرالا حکومت نے اوقافی جائیدادوں کے تنازعات کی یکسوئی کیلئے کمیشن کے قیام کا اعلان کیا۔ کیرالا کے وزیر اعلیٰ تعلیم اور اوقافی امور کے ٹی جلیل کے مطابق حکومت اوقافی جائیدادوں سے متعلق ریاست بھر میں موجود تنازعات کی یکسوئی کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جوائنٹ سروے کمیشن قائم کرے گی جو تنازعات کی یکسوئی میں اہم رول ادا کرے گا ۔ سروے کمیشن جائیدادوں کے زیر التواء سروے کا کام بھی مکمل کرے گا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تین رکنی ٹریبونل فاسٹ ٹریک کی بنیادوں پر اوقافی تنازعات کی یکسوئی میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا وقف ٹریبونل صرف وقف سے متعلق شکایات کا جائزہ لے گا تاکہ ان کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح کے ٹریبونل کے قیام سے پہلے تین علاقائی ٹریبونل موجود تھے جو وقف کے علاوہ دیگر معاملات کا بھی جائزہ لے رہے تھے جس کے نتیجہ میں اوقاف سے متعلق امور کی یکسوئی میں تاخیر ہوئی ہے۔ وزیر اوقاف کے مطابق کیرالا میں علاقائی سطح کے ٹریبونلس کے پاس تقریباً 700 اوقافی مقدمات زیر التواء ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح کے ٹریبونل کے قیام سے قبل علاقائی ٹریبونلس میں جو بھی معاملات زیر التواء تھے ، انہیں اب ریاستی ٹریبونل کے حوالہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی دیگر عدالتوں میں موجود اوقافی مقدمات کو ریاستی نو قائم شدہ ٹریبونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریبونل کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے 29 جائیدادیں منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو زیر قیادت حکومت اوقافی امور کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کے حق میں ہے۔ حکومت نے وقف بورڈ کی سالانہ گرانٹ کو 75 لاکھ روپئے سے بڑھاکر دو کروڑ کردیا ہے ۔ ریاستی سطح کے ٹریبونل کے قیام کے آغاز پر تقریب منعقد کی گئی جس میں کیرالا ہائی کورٹ کے جج سی کے عبدالرحیم نے شرکت کی۔ وقف ٹریبونل کے صدرنشین کی حیثیت سے کے سومان کو مقرر کیا گیا ۔
کانگریس لیڈر کی تلگودیشم میں شمولیت
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) تروپتی کے کانگریس لیڈر ڈی ریڈی پرسنا کمار نے آج کانگریس سے استعفیٰ دے کر آندھراپردیش کی حکمراں تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ کانگریس کے ساتھ اپنی 33 سالہ وابستگی کو ختم کرتے ہوئے اُنھوں نے امراوتی میں چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی اور اپنے حامیوں کے ساتھ تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔