حیدرآباد 29 نومبر ( این ایس ایس ) حیدرآباد میٹرو ٹرین کے آغاز کے ایک سال کی تکمیل پر آج امیر پیٹ ۔ ہائی ٹیک سٹی کے مابین تجرباتی دوڑ کا آغاز ہوا ۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی کی قیادت میں ٹکنیکل ماہرین اور انجینئرس کی ایک ٹیم نے امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے درمیان ایک میٹرو ٹرین میں سفر کیا ۔ اس تجرباتی سفر کے دوران ان حکام نے کئی امور کا جائزہ لیا اور ٹرین کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے مابین فاصلہ 10 کیلومیٹر کا ہے اور اس میں جملہ آٹھ اسٹیشن ہیں۔ ان میں مدھورا نگر ‘ یوسف گوڑہ ‘ جوبلی ہلز روڈ نمبر 5 ‘ جوبلی ہلز چیک پوسٹ ‘ پیداما گوڑی ‘ مادھا پور ‘ درگم چیروو اور ہائی ٹیک سٹی شامل ہیں۔ اس پٹی پر حیدرآباد میٹرو ریل کے حکام اور فنی ماہرین نے کئی فنی چیلنجس سے نمٹتے ہوئے ٹرین کے تجرباتی سفر کو یقینی بنایا ہے ۔ اس کے علاوہ اس راہداری پر جائیدادوں کے حصول کیلئے کئی عدالتی مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے ۔