اشون دوسرے مقام پر،ڈی ولیئرس کو پہلا مقام گنوانا پڑا

دبئی ۔ 30 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے خلاف رواں سیریز کے دوران شاندار مظاہرے کرنے والے ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون کو آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں کیریئر کا بہترین مقام حاصل ہوگیا ہے اور وہ ترقی کے ذریعہ ٹسٹ کرکٹ میں اب دنیا کے دوسرے بہترین بولر بن گئے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے اسٹار بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرس کو ٹسٹ درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام گنوانا پڑا ہے ۔ اشون جنہوں نے ناگپور ٹسٹ میں 98 رنز کے عوض 12 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے علاوہ ٹیم کی 124 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے جس کی بدولت وہ درجہ بندی میں دوسرے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں جمعہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹسٹ شروع ہوگا اور اس میں کامیابی کے ذریعہ ہندوستان آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کرسکتا ہے۔ اشون جنہوں نے پانچویں سے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے ، جس کی وجہ سے انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن اور پاکستان کے اسپنر یاسر شاہ 846 نشانات کے ذریعہ مشترکہ طور پر تیسرے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور انگلش آل راؤنڈر اسٹیورٹ براڈ نقصان کے بعد پانچویں مقام پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ جنہوں نے تاریخی ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ میں 136 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا اور مین آف دی میچ بھی حاصل کیا جس کی بدولت وہ 10 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں دوسرے مقام پر آگئے ہیں۔ بولروں کی درجہ بندی میں جن کھلاڑیوں نے ترقی حاصل کی ہے ، ان میں امیت مشرا نے دو مقامات کی ترقی کے بعد 31 ویں اور عمران طاہر 14 مقامات کی ترقی کے بعد 35 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ نیز نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ڈوک برسویل نے ایک مقام کی ترقی کے بعد 36 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔