ہیرا گروپ کی ایم ڈی نوہیرا شیخ گرفتار

حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے ہیرا گروپ کی ایم ڈی نوہیرا شیخ کو گرفتار کرلیا۔ زائد منافع اور سرمایہ داری کے نام پر شہریوں سے رقم وصول کرکے انہیں دھوکہ دیا جارہا تھا۔ کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سٹی پولیس نے بدنام زمانہ نوہیرا شیخ کو کل دہلی میں گرفتار کیا اور مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد اس کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر حیدرآباد منتقل کیا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کمشنر کے مطابق نوہیرا شیخ 15 کمپنیوں کی منیجنگ ڈائرکٹر ہے اور اس پر سنگین الزامات ہیں۔ سال 2012 میں اس کے خلاف پہلی شکایت وصول ہوئی تھی اور حالیہ دنوں بنجارہ ہلز پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی جس کو جانچ کے بعد سی سی ایس کے حوالے کردیا گیا۔ سی سی ایس پولیس نے جامع تحقیقات اور سخت محنت کے ذریعہ شکایت کنندوں کے بیانات کو قلمبند کیا اور ثبوت و شواہد کو اکٹھا کرکے بڑی احتیاط و مستعدی سے اس خاتون کے خلاف قانونی شکنجہ مضبوط کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 36 فیصد سالانہ منافع کا لالچ دے کر سرمایہ داروں کو دھوکہ دیا جارہا تھا ۔ سرمایہ داروں کی رقم سے نوہیرا شیخ جائیداد کی خریداری چند افراد اور کمپنی کے نام سے خرید رہی تھی۔ اس کے مختلف ریاستوں میں 160 بینک اکاؤنٹس کا سی سی ایس نے پتہ چلایا ہے۔