کانگریس میں شامل نہیں ہوں گا : دلت لیڈر جگنیش میوانی

احمد آباد، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں انتخابی گہما گہمی کے درمیان نوجوان دلت لیڈر جگنیش میواني نے آج اعادہ کیا کہ وہ دلتوں کے مسائل پر راہول گاندھی سے بات چیت کر سکتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی یا کسی دوسری سیاسی پارٹی سے وابستگی اختیار نہیں کریں گے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست میں دلتوں کے مسائل پر کانگریس سے بات اور اس کا موقف جاننے کے لئے پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی سے بات چیت کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ مسٹر میوانی نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ مذاکرات جمہوریت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی سے ملاقات کھلے عام ہوگی ۔ مسٹر میواني نے یہ الزام دہرایا کہ دلتوں کے سوالات پر ریاست کی بی جے پی حکومت بات چیت تک نہیں کرتی ۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ سال کے اونا دلت دلت پٹائی متاثرین کے لئے اب تک معلنہ معاوضہ نہیں ملا ہے ۔