پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی حکومت تلنگانہ کی تعریف کرنے کی مذمت

پارٹی ہائی کمان سے شکایت کرنے کا فیصلہ ، ترجمان کانگریس شرون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈی شرون نے سابق کرکٹر پنجاب کے ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں کی لاعلمی سے انہوں نے تلنگانہ ریت پالیسی کی ستائش کی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی شرون نے کہا کہ ریاست میں ریت مافیا سرگرم ہے ۔ چیف منسٹر کے ارکان خاندان ہی ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں حکومت تلنگانہ نے سدھو کو حقائق چھپاتے ہوئے گمراہ کیا ہے ۔ اگر سدھو دوبارہ حیدرآباد کا دورہ کرتے ہیں تو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ریت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے واقف کرائے گی ۔ سدھو نے سکے کے ایک رخ کو دیکھا اور ریت پالیسی کو بہترین قرار دیتے ہوئے اس کی ستائش کردی وہ سکے کے دوسرے رخ سے واقف نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی سدھو کے موقف کے خلاف پارٹی ہائی کمان سے شکایت کرے گی ۔ ریاستی وزیر پنچایت و دیہی ترقی جوپلی کرشنا راؤ کی قیادت میں ہی اسمبلی حلقہ کولہا پور میں ریت مافیا سرگرم ہے اور بڑے پیمانے پر ریت کا کاروبار ہورہا ہے ۔ کنڈور میں بغیر لائسنس کے چوری سے ریت فروخت کی جارہی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے اس کی سرکاری عہدیداروں سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ ریاست کی مائننگ پالیسی بہتر ہونے کی پڑوسی ریاستوں سے ستائش کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ ٹی آر ایس کو تلنگانہ کا جذبہ ہے تو وہ ریت مافیا کے خلاف کارروائی کر کے دکھائے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں قدرتی وسائل کو لوٹ لیا جارہا ہے ۔ متعلقہ وزیر کے ٹی آر ریت کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ اس کی پولیس میں شکایت درج کرانے پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ بغیر معلومات کے سدھو نے حکومت کے ریت پالیسی کی ستائش کردی ہے ۔ حقائق سے واقف کرانے کے لیے کانگریس پارٹی پھر ایکبار سدھو کو تلنگانہ مدعو کرے گی ۔ انہیں مختلف مقامات پر ریت کی غیر قانونی منتقلی ، بدعنوانیوں اور ریت مافیا کی حرکتوں سے واقف کرایا جائے گا ۔۔