پائیلٹ کی نعش روس کے حوالے کرنے ترکی کا اعلان

انقرہ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیراعظم داؤد اوگلو نے آج کہا کہ گزشتہ ہفتہ ترکی کی طرف سے مار گرائے گئے ایک روسی طیارہ کے پائلٹ کی نعش شام سے موصول ہوگئی ہے جو یہاں روسی نمائندہ کے حوالے کردی جائے گی۔ داؤد اوگلو نے بروسلز میں یوروپی پوٹن کے اجلاس میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل کہا کہ ’’فضائی خلاف ورزی کے دوران اپنی جان سے محروم ہونے والے روسی پائلٹ کی نعش کل رات ہمیں (شامی) سرحد کے قریب دستیاب ہوئی‘‘۔ داؤد اوگلو نے کہا کہ ایک روسی عہدیدار بہت جلد ایک تُرک عہدیدار کے ساتھ جنوبی علاقے ہاتے پہونچ کر یہ نعش حاصل کریں گے۔ ترکی میں روسی سفارت خانہ نے کہا کہ مہلوک پائلٹ اولیگ پسکوف کی نعش اپنے فوجی اتاشی کی موجودگی میں ہاتے سے ذریعہ طیارہ انقرہ لائی جائے گی۔ سفارت خانہ کے ترجمان ایکور متیاکوف نے کہا کہ نعش کی روس کو واپسی کے وقت اور تاریخ کی ہنوز توثیق نہیں ہوسکی ہے۔