ن3نئے کارپوریشنوں کے صدور کے ناموں کا اعلان

اقلیتی فینانس کارپوریشن اور سیٹ ون کے ڈائریکٹرس کیلئے قائدین کی دوڑ دھوپ

حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تین نئے کارپوریشنوں کے صدورنشین کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ موسٹ بیاک ورڈ کلاسس کارپوریشن کے صدرنشین کی حیثیت سے سینئر قائد ٹی سرینواس کے نام کو قطعیت دی گئی۔ پولیس ہائوزنگ کارپوریشن کے صدرنشین کے طور پر کے دامودر گپتا اور میڈیکل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین کی حیثیت سے ایم کرشنا مورتی کے نام کو چیف منسٹر نے منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ سابق رکن اسمبلی پریم سنگھ راتھوڑ کو بھی کسی ایک کارپوریشن کا صدرنشین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے اگادی کے موقع پر مختلف سرکاری اداروں پر تقررات کا تیقن دیا تھا جس کے مطابق ان ناموں کو قطعیت دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں جن کارپوریشنوں کے صدورنشین کا اعلان کیا گیا، ان کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ مختلف وزراء سے اس سلسلہ میں قائدین کی فہرست طلب کی گئی۔ چیف منسٹر نے پانچ اداروں پر اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کو صدرنشین مقرر کیا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن اور سٹ ون کے بورڈ آف ڈائرکٹرس میں شمولیت کے لیے ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین میں زبردست دوڑ دھوپ دیکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اردو اکیڈیمی اور حج کمیٹی میں تقررات کے سلسلہ میں اپنی حلیف جماعت سے مشاورت کی ہے اور دو میں سے ایک کارپوریشن حلیف مقامی جماعت کو حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے ایک دینی مدرسہ کے ذمہ دار کو اردو اکیڈیمی کی صدارت کے لیے حلیف جماعت نے اپنے سفارشی امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔