ممبئی دھماکے ، ہند ۔ پاک مذاکرات کو درہم برہم کرنے کی سازش

دونوں ملکوں میں بعض ایسی طاقتیں ہیں جو برصغیر میں امن نہیں چاہتیں، ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا بیان
سرینگر 17 جولائی (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ چہارشنبہ کو ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں انٹلی جنس کی کوئی ناکامی نہیں ہے۔ بلکہ سازشیوں کا مقصد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کے عمل کو درہم برہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں اور پاکستان میں ایسی طاقتیں ہیں جو برصغیر میں قیام امن نہیں چاہتے۔ وہ ہمیشہ یہ چاہتے رہے ہیں کہ ایک ایسی صورتحال پیدا کی جائے جس میں امن ہمیشہ دور سے دور تر ہوتا چلا جائے۔ ایک سوال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جواب دیا کہ وزیر داخلہ پی چدمبرم بھی پہلے ہیں یہ واضح کرچکے ہیں کہ 19 افراد کو ہلاک اور 140 افراد کو زخمی کرنے والے ممبئی دھماکوں کے لئے انٹلی جنس کی ناکامی ذمہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہو ں نے کہاکہ 26/11 2008 ء میں ہوئے بم دھماکے اور حالیہ ممبئی دھماکے دونوں ہی نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان مذاکرات کے آغاز سے قبل ہوئے تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جو جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر بھی ہیں کہا کہ حالیہ ممبئی دھماکے ایک ایسے وقت ہوئے جب پاکستانی وزیر خارجہ (حنا ربانی) مذاکرات کے لئے یہاں پہنچے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دعاء اور توقع کرتا ہوں کہ دونوں ممالک آگے کی سمت پیشرفت کریں گے۔ مرکزی وزیر جدید و قابل تجدید توانائی فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ اس بات پر خدا کے شکر گذار ہیں کہ دونوں ممالک کی قیادتوں میں بہتر سوجھ بوجھ ہے اور دونوں ہی مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوششوں میں یہ دونوں ملکوں کے اخلاص کا امتحان ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں ایسے ہی حملوں کے اندیشوں سے متعلق انٹلی جنس معلومات کے اثرات کے بارے میں ایک سوال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جواب دیا کہ ہندوستان اور پاکستان، دونوں ہی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہمسایہ ملک (پاکستان) سے یہ چاہتا ہوں کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گرد سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بشمول کشمیر دیگر تمام مسائل کی ہند۔ پاک مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ سارے برصغیر کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام امن کے خواہاں ہیں۔
ممبئی دھمکوں کیلئے حکومت مہاراشٹرا کی لاپرواہی ذمہ دار: گروداس کامت
ممبئی 17 جولائی (پی ٹی آئی) کانگریس کے ناراض لیڈر گروداس کامت نے جو وزارتی فلمدان پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے حال ہی میں مرکزی مجلس وزراء سے مستعفی ہوگئے تھے۔ 13/7 سلسلہ وار بم دھماکوں کیلئے حکومت مہاراشٹرا کو مورد الزام ٹہرایا ہے۔ مسٹر کامت نے مرکزی کابینہ سے مستعفی ہونے کے بعد آج پہلی مرتبہ اپنے حلقہ انتخاب شمال مغربی ممبئی کا دورہ کیا جہاں انہو ں نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 26/11 دہشت گرد حملے کے باوجود ہنوز کو سبق نہیں سیکھا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اگر ممبئی کے مختلف مقامات پر پانچ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جاتے تو گزشتہ ہفتہ زاویری بازار، اوپیرا ہاوز اور دادر میں یہ سلسلہ وار بم دھماکے نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے 26/11 دہشت گرد حملوں کے بعد وہ سیکوریٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سخت اقدامات کرتی۔ لیکن حکومت نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کردیا گیا۔