مغل پورہ کے خانگی ہاسپٹل میں قتل کی سنگین واردات

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) مغل پورہ میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب بعض افراد نے ایک شخص کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 38 سالہ خواجہ معین الدین ساکن تیگل کنٹہ فلک نما آج شام اپنی بیوی کے ہمراہ مغل پورہ الفا ہاسپٹل طبی معائنہ کے لئے پہونچا تھا۔ دواخانہ پہونچنے کے کچھ ہی دیر بعد دو افراد نے اُس پر چاقوؤں سے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں خواجہ معین الدین شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی حالت میں اُسے دواخانہ میں ابتدائی طبی امداد دی گئی لیکن وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ساؤتھ زون سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ پولیس عہدیدار مقام واردات پہونچ گئے اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ معین الدین کے افراد خاندان کے درمیان تنازعہ ہونے کے نتیجہ میں قتل کیا گیا ۔ پولیس خاطیوں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔