مغربی بنگال میں سب سے زیادہ سماجی اسکیمات : ممتا بنرجی

چنگرابندھ (مغربی بنگال ) ۔10 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ ریاست کی ترنمول کانگریس حکومت نے ملک میں سب سے زیادہ تعداد میں سماجی اسکیمات پر عمل درآمد کیاہے ، وہ ضلع کوچھ بہار میں یہاں ایک میٹنگ کے موقع پر خطاب کررہی تھیں ، جو مختلف سماجی اسکیمات اور ترقیاتی پراجکٹوں میں پیشرفت کے جائزہ کے لئے منعقد کی گئی ۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے عوام کے مختلف زمروں میں سماجی اسکیمات پر سب سے زیادہ تعداد میں عمل کیا ہے۔ جو کسی بھی دیگر ریاست میں دیکھنے میں نہیں آئیں گے۔ پھر ایک بار بنگال ساری قوم کی رہنمائی کررہاہے ۔ ہمارے پاس متعدد سماجی اسکیمات ہیں جیسے کنیا شری ، یوا شری وغیرہ جس کے لئے عوام بہتر زندگی کے سلسلے میں کافی سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل دوراُفتادہ علاقوں کے لئے تمام فوائد دستیاب کرانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ مختلف نوعیت کے تبادلہ کو اُنھوں نے تعاون کا پُل قرار دیا اور کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام کو اس طرح کی بہبودی اسکیمات سے فائدہ پہونچے گا ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ چنگرا بندھ ڈیولپمنٹ بورڈ پہلے ہی تشکیل دیا جاچکا ہے تاکہ اس علاقہ میں ترقیاتی عمل کو فروغ حاصل ہو ۔