مذہبی خبریں

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( راست ) : حضرت سید شاہ جمال الدین حسنی الحسینی القادری المعروف حضرت دادا پیرؒ کا عرس شریف درگاہ شریف قادری باغ عنبر پیٹ میں 8 مارچ کو آغاز ہوا ۔ 9 مارچ 4 تا 5 بجے شام مسجد محمدی جلوخانہ شاہی لاڈ بازار میں ختم قرآن مجید بعد نماز عصر بردہ شریف بعد نماز مغرب مسجد محمدی سے صندل مبارک برآمد ہوگا جو براہ درگاہ حضرت سعادتؒ گول ناکہ سے ہوتا ہوا درگاہ شریف قادری باغ پہونچے گا بعد نماز عشاء صندل مالی و سلام گذرانا جائے گا ۔ صندل مالی رسم سید شاہ محمد فیض الدین قریشی قادری الجمالی المعروف سلیم پاشاہ سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ بعد صندل مالی جلسہ یوم اولیاءؒ اللہ جلسہ سے مشائخین عظام و علمائے مخاطب کریں گے ۔ 10 مارچ بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 11 مارچ مغرب تا عشاء ختم قرآن مجید و پیشکشی چادر گل و صلواۃ سلام کے بعد چار روزہ تقاریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
مذہبی و ادبی تقریری مقابلہ
برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( راست ) : محترمہ عاصمہ خلیل جنرل سکریٹری شعبہ خواتین کے بموجب بضمن بین الاقوامی یوم خواتین مذہبی و ادبی تقریری مقابلہ برائے خواتین 11 مارچ کو صبح 11 تا 4 بجے دن اردو گھر مغل پورہ میں منعقد ہوگا ۔ پہلا سیشن مذہبی ’ اسلام میں خواتین کے حقوق اور ان کی ذمہ داریاں ‘ جو صبح 11 تا 1 بجے دن اور دوسرا سیشن ادبی ’ اردو معاشرہ میں حیدرآباد کی خواتین کا حصہ ‘ 2 بجے دوپہر تا 4 بجے شام مقابلہ  منعقد ہوگا ۔ ہر مقرر کو دس منٹ کا وقت دیا جائے گا ۔ پہلے سیشن کی نگرانی صدر شعبہ خواتین ادیبہ و واعظہ محترمہ سیدہ عابدہ کریم کریں گی ۔ دوسرے سیشن کی نگرانی نائب صدر شعبہ خواتین محترمہ خیر النساء علیم کریں گی۔ اندراج کے لیے 9849132694 ۔ 8099250982 پر ہفتہ کی صبح 10 بجے تک کروایا جاسکتا ہے ۔۔