سعودی ریفری فہد پر تاحیات پابندی

ریاض ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فٹبال آرگنائزیشن کی ڈسپلن کمیٹی نے سعودی عرب کے بین الاقوامی ریفری فہد المرداسی کو تاحیات کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی اور اپنے اس فیصلے سے فیفا کو آگاہ کرنے کا عندیہ دیدیا۔الاتحاد کلب کے سربراہ حمد الصنع نے باقاعدہ شکایت درج کرواکر دعویٰ کیا تھا کہ فہد المرداسی ٹیم کو کامیاب کروانے کیلئے ناجائز رقم طلب کررہے ہیں۔ یہ شکایت الاتحاد اور الفیصلی فٹبال ٹیموں کے درمیان خادم حرمین شریفین کپ کے فائنل میچ میں ریفری مقرر ہونے کے بعد درج کروائی گئی۔ الاتحاد کلب کے سربراہ نے اپنی شکایت کے ثبوت کے طور پر سعودی فٹبال آرگنائزیشن کو گفت و شنید کا ریکارڈ پیش کیا۔ اس تناظر میں فہد المرداسی کو حراست میں لیکر محکمہ جاتی تحقیقات کی تحویل میں دیدیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مرداسی پر الزام ثابت ہوگیا ہے۔ خود مرداسی نے رشوت طلب کرنے کا اعترا ف کیا ہے۔ اس بناء پر المرداسی کا نام 2018 ء فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے ریفریوں کی فہرست سے بھی خارج کردیا جائیگا۔