دہلی کے کرکٹ اسٹارس کی تہنیتی تقریب منسوخ

بی سی سی آئی کی ہدایات ، فیلڈ پر پروگرام کے اہتمام کیلئے اروند کجریوال کی تجویز مسترد
نئی دہلی۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ کے مقرر کردہ مبصر جسٹس (ریٹائرڈ) مکل مڈگل نے آج کہا کہ چیف منسٹر اروند کجریوال نے 1983ء اور 2011ء کے ورلڈ کپ فاتح ہندوستانی کرکٹرس کو فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں کھیل کے مقام پر تہنیت پیش کرنے پر اصرار کیا تھا تاہم بی سی سی آئی کے ضوابط اور ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے انہیں اس اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد یہ پروگرام منسوخ کردیا گیا۔ مڈگل نے اس ضمن میں کجریوال کی پیروی کرنے والے (حکومت دہلی کے وکیل) راہول مہرا کے متعدد ایس ایم ایس دکھائے۔ مڈگل نے کہا کہ ’’راہول مجھے سی ایم کے میسیجس روانہ کررہے ہیں کیونکہ میں ان سے شخصی طور پر بات نہیں کرسکتا۔ ایک میسیج میں لکھا گیا تھا کہ اس بات پر اصرار کیا جانا چاہئے کہ مقررہ پروگرام کا مقام تبدیل نہ کیا جائے۔ میں نے جواب دیا کہ ڈی ڈی سی اے بھی بی سی سی آئی کی ہدایات کی پابند ہے اور ان ہدایات کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’مَیں نے راہول سے کہا کہ متبادل انتظامات کئے جاسکتے ہیں لیکن انہوں (راہول) نے سی ایم کی طرف سے ایک واٹس اَپ میسیج بھیجا جس میں لکھا گیا تھا کہ ’’جی نہیں صاحب‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مہرا نے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ تقریب کے دوران کجریوال کو ان اسٹینڈس تک گھومنے کی اجازت دی جائے جہاں اسکولی بچے بیٹھتے ہیں اور ان سے بات چیت کرنے کی اجازت دی جائے۔ تاہم دہلی پولیس نے اس پر سخت اعتراض کیا تھا اور اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ اس سے سکیورٹی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں کیونکہ بچے اس موقع پر چیف منسٹر کی طرف پہونچنے کی کوشش کریں گے۔ قبل ازیں حکومت دہلی نے ڈی سی سی اے کو مطلع کیا تھا کہ دہلی سے تعلق رکھنے والے 10 سرکردہ کرکٹ اسٹارس کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ ان کھلاڑیوں کی فہرست میں بشن سنگھ بیدی، مہندر امرناتھ، مدن لال، ویریندر سہواگ، گوتم گمبھیر اور دوسروں کے نام شامل ہیں۔