حادثہ میں ہلاک شخص کی موت کی اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ

جائیداد کے مسئلہ پر قتل کردینے کا الزام ، مقتول کی نشاندہی کا دعوی
حیدرآباد /14 مارچ ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ دبیرپورہ میں پیش آئے حادثہ میں ہلاک وہاب صدیقی کے رشتہ داروں نے اعلی سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے عزیز رشتہ دار کی موت کو قتل قرار دینے والے افراد خاندان نے خاطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے ۔ متوفی وہاب صدیقی کے بھائی مجاہد صدیقی اور ان کے رشتہ دار محمد منیب نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ وہاب صدیقی کا چند افراد سے اراضی تنازعہ چل رہا تھا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ منصوبہ بند طریقہ سے ان کے بھائی کو ہلاک کردیا گیا اور اس موت کو سڑک حادثہ قرار دینے کی بھرپور کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود بھی انہیں انصاف دلانے والے ممکنہ نظر انداز کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاب صدیقی کی موت کے بعد وہ پہاڑی شریف اور دبیرپورہ دونوں پولیس اسٹیشنوں سے بارہا رجوع ہوچکے ہیں ۔ تاہم انہیں انصاف نہیں ملا ۔ انہوں نے دبیرپورہ اور پہاڑی شریف کے انسپکٹرس پر الزام لگایا اور کہا کہ وہ بجائے درخواست گذار کی شکایت کی سماعت کریں اور سنجیدگی سے غور کریں انہیں رسواء کر رہے ہیں ۔ مجاہد صدیقی نے بتایا کہ ایرہ کنٹہ شاہین نگر میں ان کی جائیداد ہے اور چند افراد اس پر زبردستی قبضہ کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لینڈ مافیہ گینگسر مافیہ کے انکاونٹر کے بعد پولیس کو چاہئے کہ وہ ان علاقوں پر بھی اپنی توجہ مرکوز کریں جہاں پر علاقہ میں نعیم جیسی سرگرمیاں پائی جاتی ہیں ۔ مجاہد صدیقی نے ان کے بھائی وہاب صدیقی کی موت کی اعلی سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور حکومت سے انصاف کی اپیل کی ہے ۔