جوکووچ‘نڈال اور مرے شاراپوا کے خلاف

کیلیفورنیا۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ٹینیس دنیا کے نمبر ایک سربیائی کھلاڑی نواک جوکوچ ‘ عالمی نمبر2 برطانیہ کے ٹینس اسٹار اینڈی مرے ‘سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافل نڈال کے بموجب ممنوعہ ادویات کے استعمال پر روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا پر پابندی عاید ہونی چاہئے۔اینڈی مرے نے کہا  کہ  سزا کا فیصلہ سنانا میرا کام نہیں ہے لیکن اگر آپ کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ادویات استعمال کرتے ہیں تو آپ کو معطل کیا جانا چاہئے۔ مرے انڈین ویلز ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پام اسپرنگز میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر آپ تجویز کردہ دوا استعمال کررہے ہیں اور اگر آپ اس دوا کو اسی مقصد کے لئے استعمال نہیں کررہے جس کے لئے اس کو بنایا گیا ہے، پھر اس کی آپ کو ضرورت نہیں ہے تو آپ اس دوا کو صرف اس لئے استعمال کررہے ہیں کہ وہ کارکردگی بہتر بنانے کے لئے فائدہ مند ہو اور میں نہیں سمجھتا کہ یہ ٹھیک ہے۔ ماریا کو عارضی طورپر بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کیا گیا ہے جبکہ انھیں چار سالہ پابندی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔ اینڈی مرے کے بموجب میں نے پڑھا کہ یکم جنوری سے اب تک 55 ایتھلیٹ اس دوا کے ٹسٹ میں ناکام  ہوئے ہیں، آپ مختلف کھیلوں کے اعلیٰ سطح کے ایتھلیٹس سے یہ توقع نہیں کرتے کہ انہیں قلب کا عارضہ ہے۔ واضح رہے کہ ماریا شاراپوا سے ان کے اسپانسر کمپنیوں نے بھی ناطہ توڑا ہے تاہم کچھ اسپانسرابھی بھی ان کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اینڈی مرے نے ان کی ریکٹ بنانے والی کمپنی کی جانب سے ماریا کی حمایت کرنے پر کمپنی پر تنقید کی ہے اور کہا ہیکہ میں نہیں جانتا کہ اس معاملے پر کیا کہیں لیکن میں اس چیز پر یقین نہیں رکھتا، میرے خیال میں اس وقت یہ ضروری ہے کہ حقیقت کا انتظار کریں اور حالات کو واضح ہونے دیں۔ یاد رہے ٹینس کے سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے بھی شاراپوا کے ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ کھلاڑی  کو اس لئے بھی سزا دینی چاہیے تاکہ دوسروں کو مثال بن جائے۔