جنوبی آفریقہ کے 314 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ 67/0

ہیملٹن ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی آفریقہ وکٹ کیپر بیٹسمین کوئن ٹن ڈی کاک نے زخمی انگلی کے ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر نکالا اور پہلی اننگز میں 314 رنز تک پہونچایا جبکہ یہاں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بغیر کسی وکٹ کے 67 رنز اسکور کرلئے ۔ جنوبی آفریقی ٹیم ایک موقع پر 97 رنز کے اسکور پر ہی اپنے 4 وکٹ گنوادیئے تھے ۔ اس موقع پر ڈی کاک نے میڈل آرڈر میں ایک شاندار اننگز کھیلی جیسا کہ انہوں نے 118 گیندوں میں 11 چوکوں اور  2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز اسکور کئے ۔ دیگر بیٹسمینوں میں ہاشم آملہ نے 5 رنز کے مجموعی اسکور پر دو اوپنرس کے نقصان کے بعد 50 رنز کی اننگز کھیلی ۔ عاملہ نے 93 گیندوں کی اننگز میں 9 چوکے لگائے جبکہ فاف ڈوپلیسی نے 108 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو ایک بہتر اسکور کی سمت گامزن کررہے تھے لیکن اسپنر سیٹنرس کی گیند پر شارٹ لیگ پر کھڑے فیلڈر ٹام لیتھم نے ایک ایسا کیچ پکڑا جس نے سب کو حیران کردیا کیونکہ جس وقت ڈوپلیسی لیگ سائیٹ میں گیند کھیلنے کی کوشش کا آغاز کیا اسی وقت لیتھم اس سمت  ہٹنے لگے جہاں گیند کے پہونچنے کی امید تھی اور ایک ہاتھ سے کیچ پکڑتے ہوئے کرکٹ کا ایک منفرد کیچ اپنے نام کیا ۔ علاوہ ازیں لوور آرڈر میں فاسٹ بولر رباڈا نے 31 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 34 قیمتی رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 300 رنز سے آگے پہونچایا ۔ نیوزی لینڈ کیلئے ہینری کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 93 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیل ویاگنر نے 104 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گرانڈ ڈھوم نے 62 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز کا بہتر آغاز کیا جس میں اوپنر لیتھم نے 82 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 42 رنز اسکور کئے جبکہ ان کے ساتھی بیٹسمین راول 71 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کئے ہیں ۔ یاد رہے تین مقابلوں کی سیریز میں جنوبی آفریقہ کو 1-0 کی سبقت حاصل ہے ۔