برازیل کو اس مرتبہ بھی خطاب کیلئے پسندیدہ موقف

ماسکو۔11جون (سیاست ڈاٹ کام)اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ 14 جون کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں شروع ہوگا اور ورلڈ کپ فٹ بال کا جنون عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ٹورنمنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کا آغاز ٹھیک 2دن بعد شاندار تقریب کے ساتھ ہوگا، اس شاندار تقریب کو یادگار بنانے کیلئے سینکڑوں فنکار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ٹیموں کی روس آمد کا سلسلہ جاری ہے ، دنیا بھر کی نظریں اپنے پسندیدہ اسٹارز اور ٹیموں پر لگی ہوئی ہیں۔درجہ بندی میں عالمی نمبر دو اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اس مرتبہ بھی پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ ورلڈکپ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ روس میں پولیس حکام ٹورنمنٹ کے دوران اسٹیڈیمز میں تعینات کئے جائینگے تاکہ کھلاڑیوں اور فٹ بال شائقین کی سکیورٹی کو ممکن بنایا جاسکے۔ توقع کی جارہی ہے کہ میگاایونٹ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین روس کا رخ کرینگے۔ جرمنی کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹیمیں شرکت کرینگی جنھیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ میں عالمی چیمپئن جرمنی کو گروپ ایف میں رکھا گیا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں سے پردہ اٹھ گیا۔ ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم پر میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان افتتاحی میچ سے قبل میوزیکل کنسرٹ میں برطانوی پاپ گلوکار روبی ولیمز کے ساتھ روسی سنگر ایڈا گیریفولینا بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔اس موقع پر سابق برازیلی اسٹرائیکر رونالڈو بھی موجود ہوں گے۔روبی ولیمز نے کہا کہ ورلڈ کپ میں مظاہرہ کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا جو جلد پورا ہونے جا رہا ہے اورامید ہے کہ یہ ایک ناقابل فراموش شو ہوگا۔ برازیل کی ٹیم کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ خطاب جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، جرمنی کے سابق فٹبالر میروسلاف کلوزا عالمی کپ مقابلوں کے ٹاپ اسکورر ہیں۔برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ کا تصور نا ممکن، اب تک تمام 21 مقابلوں کیلئے کوالیفائی کیا، برازیل ہی سب سے زیادہ پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن بنا۔چار ورلڈ کپ جیتنے والا اٹلی دو 2018 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ہی نہ کرسکا۔ آئس لینڈ اور پانامہ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلیں گی۔میگا ایونٹ کے ٹاپ سکوررزمیں جرمنی کے سابق اسٹار میرو سلاف کلوزا نے مجموعی طور پر 16 گولز کئے ہیں۔ موجودہ کھلاڑیوں کی بات کریں تو جرمنی کے تھامس مولر کو 10 گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ٹورنمنٹ میں جرمنی ہی سب سے زیادہ پنلٹی شوٹ جیتنے والی ٹیم ہے۔