اے پی دارالحکومت ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل متعارف

1000 کروڑ روپئے کا فوری فنڈ تیار ۔ وزیر بلدی نظم و نسق اے پی کا اسمبلی میں بیان
حیدرآباد 20 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش نے آج اے پی دارالحکومت ریجنل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل 2014 اے پی اسمبلی میں پیش کردیا ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت قائم کرنے اور دارالحکومت کے علاقہ کو منصوبہ بند انداز میں ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ علاقہ کی جامع ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آندھرا پردیش دارالحکومت ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی تشییل دی جائے جس کیلئے قانون سازی کی جائے تاکہ اس سارے عمل کو قانونی موقف حاصل ہوسکے ۔ آندھرا پردیش کے وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا نے ایوان اسمبلی میں بل پیش کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ ریاست کے چیف منسٹر اس اتھاریٹی کے صدر نشین ہونگے جبکہ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات اس کے نائب صدر نشین ہونگے ۔ آٹھ بیوروکریٹس بشمول ریاست کے چیف سکریٹری اس اتھاریٹی کے ارکان ہونگے جبکہ چار قومی اور بین الاقوامی ماہرین جو شہری حکمرانی ‘ منصوبہ بندی ‘ ماحولیات اور حمل و نقل کے ماہر ہونگے انہیں حکومت ارکان کے طور پر نامزد کریگی ۔ ریاستی حکومت نے تجویز کیا ہے کہ دارالحکومت علاقہ کیلئے ڈیولپمنٹ فنڈ فوری طور پر 1000 کروڑ روپئے کے سرمایہ سے شروع کیا جائے تاکہ اتھاریٹی کیلئے کام کاج و قانون پر عمل آوری میں سہولت ہوسکے ۔ اس قانون سازی کے ذریعہ 250 کروڑ کا ریوالونگ فنڈ بھی تشکیل دیا جائیگا تاکہ دارالحکومت علاقہ کیلئے انفرا اسٹرکچر سہولیات اور دیگر ضروریات کو فروغ دیا جاسکے ۔ اس قانون سازی کے ذریعہ آندھرا پردیش کیلئے دارالحکومت کا علاقہ تشکیل دیا جائے ‘ منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے ‘ رابطہ اور تال میل ‘ تمام منصوبوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے ‘ فینانسنگ ہوسکے جو ترقیاتی کام دارالحکومت کے علاقہ میں کئے جائیں گے ان کو محفوظ بنایا جاسکے ‘ نگرانی کی جاسکے اور اس علاقہ میں رہنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکے ۔ وزیر موصوف نے اس قانون کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دارالحکومت کیلئے ایک 100 سال کا منصوبہ ‘ ایک 20 سال کا ماسٹر پلان اور ایک تفصیلی ماسٹر پلان 10 سال کیلئے تیار کیا جائے ۔